مختلف شہروں میں حساس اداروں کی کارروائی ، اہم کمانڈروں سمیت 13 دہشتگرد ہلاک
کراچی/ گجرات/ کوئٹہ (19دسمبر 2014ء)ملک کے مختلف شہروں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مقابلے میں دس دہشت گرد مارے گئے ، مارے جانے والوں میں کالعدم تنظیموں کے کمانڈر اور ان کے دست راست بھی شامل ہیں ، دو دہشت گردوں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ ماڑی پور کے علاقے مشرف کالونی میں کالعدم تنظیم کے کارندوں کی موجودگی کی اطلاع پر رینجرز نے آپریشن کیا ۔ رینجرز ترجمان کے مطابق دہشت گردوں نے رینجرز پر فائرنگ اور کریکر حملے کئے ۔ جوابی کارروائی میں چار دہشت گرد مارے گئے جن میں کالعدم تنظیم کا کمانڈر عابد مچھڑ بھی شامل ہے ۔ ملزم انچولی بم دھماکا ، سی آئی ڈی بم دھماکے ، فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا ۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک رینجرز اہلکار بھی زخمی ہوا ۔ ملزمان سے چار ایس ایم جی ، دستی بم سمیت بڑی تعداد میں گولیاں بھی برآمد ہوئیں ۔ دوسرا واقعہ گجرات کے قریب لالہ موسٰی کے علاقے میں پیش آیا جہاں پولیس اور حساس ادارے کے ساتھ مقابلے میں کالعدم تنظیم کے کمانڈر سمیت دو دہشت گرد مارے گئے ۔ ہلاک ہونے والوں میں کالعدم تحریک طالبان گجرات کا امیر افضل عرف فوجی اور اسکا قریبی ساتھی احمد عرف بابا شامل ہیں ۔ مارے گئے دہشت گرد پولیس اور حساس اداروں کے اہلکاروں پر حملوں میں ملوث تھے ۔ دوسری طرف زیارت میں پوئی شریف کے علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان کے اہم کمانڈر سمیت تین دہشت گرد مارے گئے ۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد کوئٹہ میں تخریب کاری کا منصوبہ بنا رہے تھے ، فائرنگ کے دوران دو سیکورٹی اہلکار زخمی ہوئے ۔ ایف سی ترجمان کے مطابق دوسرا سرچ آپریشن سنجاوی میں کیا گیا جس میں تحریک طالبان کا ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ دو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔دوسری طرف کوئٹہ کے پاسرا کے علاقے میں قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ سے تین دہشتگرد ہلاک ہوگئے اور بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے.