لندن : برطانوی میڈیا کی جانب سے جاری سروے رپورٹس کے مطابق اسلام آباد کا بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ دنیا کے بد ترین ایئرپورٹس میں پہلے نمبر پر براجمان ہے۔
جی ہاں، برطانوی اخبار’’انڈی پینڈینٹ اور گارجین‘‘ کے مطابق اسلام آباد کا انٹرنیشنل ایئرپورٹ دنیا کے بدترین ہوائی اڈوں میں سرفہرست ہے، اس سے قبل اس فہرست میں منیلا کا ہوائی اڈا پہلے نمبر پر تھا۔
کینیڈا کی سائٹ ” گائیڈ ٹو سلیپنگ ایٹ ایئرپورٹ ” کے کیے گئے سروے کے مطابق آرام دہ ماحول، سہولیات ، صفائی اور کسٹمر سروس کی بنیاد پر پاکستان کے دارالحکومت کے ایئرپورٹ بینظیر بھٹو انٹرنیشنل کو دنیا کا بدترین ہوائی اڈا قرار دیا گیا ہے۔
سال 2014ء کے بدترین ایئرپورٹ کی رپورٹ میں ایک مسافر کے تجربے کو بھی سروے میں شامل کیا گیا جس نے ناقص سیکیورٹی چیکنگ اور بے ہنگم ہجوم کے باعث اس ہوائی اڈے کا موازنہ جیل سے کیا ہے۔
منیلا کا ایئرپورٹ جو گزشتہ 3 سال سے مسلسل بدترین ایئرپورٹ میں سرفہرست رہا اب وہ چوتھے نمبر ہے۔ 2014 ءکے بدترین ایئرپورٹ کی فہرست میں دوسرے پر سعودی عرب کا جدہ کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ، تیسرے پرنیپال کا کھٹمنڈو تری بھون بین انٹرنیشنل ایئرپورٹ اورپانچویں پر ازبکستان کا تاشقند کا انٹرنیشنل ایئرپورٹ ہے، جب کہ چھٹے پر فرانس میں پیرس کا ٹل ایئرپورٹ،ساتویں پر جرمنی کا فرینکفرٹ ہیں ،آٹھویں پر اٹلی کا برگیمو اوریو السیریو ،نویں پر جرمنی کا برلن ٹیگل اور دسویں پر نیویارک شہر لگوارڈیا ایئرپورٹ شامل ہے۔