لاہور: سانحہ ماڈل کی تحقیقات کے لئے تشکیل دی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے اراکین مکمل ہوگئے ہیں اور ٹیم کل سے تحقیقات کا آغاز کرے گی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سانحہ کی تحقیقات کے لئے تشکیل دی گئی 5 رکنی ٹیم کی سربراہی سی سی پی او کوئٹہ رزاق چیمہ کریں گے جب کہ دیگر اراکین میں ایس ایس پی شہزاد اکبر، ڈی ایس پی خالد ابوبکر، آئی ایس آئی سے کرنل احمد اور آئی بی سے محمد علی شامل ہیں، جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کل سے تحقیقات کا آغاز کرے گی اور وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سمیت تمام نامزد ملزمان کے بیانات لے کر تفتیش کا آغاز کیا جائے گا۔
دوسری جانب عوامی تحریک کے صدر ڈاکٹر رحیق عباسی کا مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو مسترد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ذوالفقار چیمہ شریف برادران کے قریبی افسر سمجھے جاتے ہیں اور ہم ایسے کسی سربراہ کو قبول نہیں کریں گے جو شریف برادران کو بچانے کے لیے کام کرے جب کہ حکومت نے یک طرفہ طور پر تحقیقاتی ٹیم بنائی ہے جس پر ہمیں اعتماد نہیں۔
واضح رہے کہ 17 جون کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے گھر کے سامنے سے بیریئر ہٹانے پر پولیس اور عوامی تحریک کے کارکنوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق جب کہ 80 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔