حیدر آباد: پاکستان کےجنوبی صوبہ سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدر آباد میں حکومت مخالف جماعت تحریک انصاف کے دفتر میں مشتعل افراد نے حملہ کرکے توڑ پھوڑ کی ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق واقعہ جی اوآر کالونی میں پیش آیا ۔ دفتر پر حملے کے خلاف ٹھنڈی سڑک( جگہ کانام) پر احتجاج اور روڈ بلاک کرنے والے تحریک انصاف کے کارکنان پر بھی مسلح افراد نے دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں پی ٹی آئی کے رہنما طارق محمود کا سرپھٹ گیا، اس دوران ہوائی فائرنگ کی بھی گئی جب کہ مظاہرین کی موٹر سائیکلیں بھی توڑ دیں ۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے نہتے کارکن احتجاج چھوڑ کر اپنی جانیں بچانے کے لیے بھاگ کھڑے ہوئے۔ مسلح افراد نے حیدرآبادکےمختلف علاقوں میں گشت کیا اور ہوائی فائرنگ کرتے رہے جب کہ شہر کے متعدد مقامات پر تحریک انصاف کےپوسٹربھی پھاڑدیےاور گوعمران گو کے نعرے لگاتے رہے۔ حیدر آباد میںپیپلزپارٹی کے کارکنان نے پریس کلب کے باہر لندن میں بلاول کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کے خلاف احتجاج کیا ہے۔ تحریک انصاف کے دفتر پر حملہ لندن میں پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری کے پروگرام میں رکاوٹ پر مشتعل افراد کی جانب سے ردعمل قرار دیا جارہا ہے۔ ملک کے سب سے بڑے نشریاتی ادارے جیو نیوز کے مطابق حیدر آباد میں مسلح گشت کرنے والے افراد سیاسی جماعت کے کارکنان ہیں۔