ناراض شائقین پرفامنس دیکھ کر مان جائیں گے ،عامر
اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باﺅلر محمد عامرنے کہا ہے کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے لیے پر عزم ہیں، ٹریننگ جاری رکھی ہوئی ہے، خود کو فٹ محسوس کرتا ہوں، ڈومیسٹک کرکٹ میں جو ٹیم بہتر لگی اس کے ساتھ کھیلوں گا، جوشائقین ناراض ہیں انہیں بھی کرکٹ کھیل کر منالوں گا۔آئی سی سی اینٹی کرپشن ترامیم کے بعد پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر کے جنوری سے ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لینے کی خبروں کے بعد اس حوالے سے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے محمد عامر کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کی جانب سے اچھی خبر آئی ہے، چار سال کے طویل عرصے تک کرکٹ سے دوری آسان بات نہیں تھی۔ ٹیسٹ کرکٹر محمد عامر کا کہنا تھا کہ انہوں نے اینٹی کرپشن یونٹ سے بھرپور تعاون کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پی سی بی خاص طور پر نجم سیٹھی کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے آئی سی سی کی ہر میٹنگ میں ان کا معاملہ اٹھایا۔ محمد عامر نے کہا کہ ان کے ٹیم میٹ شاہد آفریدی، یونس خان اور عمر امین نے مشکل وقت میں بہت ہمت بڑھائی۔محمد عامر کا کہنا ہے کہ کرکٹ میں بہتر مستقبل کے لیے محنت کررہا ہوں اور موقع ملا تو ایک بار پھر خود کو ثابت کرنے کی کوشش کروں گا۔ محمد عامر نے کہا کہ میں نے شروع دن سے ہی اپنی غلطی کو قبول کیا اور سب سچ بتایا جس کے باعث بہت مطمئن رہا، اتنی شہرت پر ایسا ہوجانا میرے لیے بہت مشکل تھا جب کہ سزا کا 4 سال کا عرصہ بھی بہت اہم تھا لیکن اپنے اہل خانہ اور دوستوں کا بہت شکر گزار ہوں جنہوں نے میرا ہر لمحے ساتھ دیا۔ عامر کا کہنا تھا کہ انہیں سزا کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کی سہولیات میسر نہیں تھیں۔محمد عامر نے کہا کہ اسپورٹس مین کے لیے فٹنس بے حد ضروری ہے اس لیے اس پر محنت کررہا ہوں اور موقع ملا تو ایک بار پھر خود کو ثابت کرنے کی کوشش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں جس طرح میرا ماضی رہا ہے تو شائقین کو مجھ سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں اسی لیے اپنی فٹنس پر بھرپور توجہ دے رہا ہوں تاکہ انہیں فٹ نظر آو¿ں کیونکہ فٹنس ہوگی تو اچھا پرفارم کروں گا۔